سیدنا حسین رضی اللہ عنہ نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو خط میں کیا لکھا تھا؟

سیدنا حسین رضی اللہ عنہ نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو خط میں کیا لکھا تھا؟

انٹرنیشنل نمبرنگ کا ڈھونگ

ہم عرض کر چکے ہیں کہ مرزا صاحب انٹرنیشنل نمبرنگ کا ڈھونگ رچاتے ہیں، ہم مرزا صاحب کی بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ انٹرنیشنل نمبرنگ بتاتے ہیں، ہم آپ سے پوچھتے ہیں کہ ذیل میں جو بات ہم پیش کرنے والے ہیں اس کی انٹرنیشنل نمبرنگ کیا ہے؟ انٹرنیشنل نمبرنگ تو کجا کوئی لوکل نمبرنگ ہی بتا دیں؟

کہتے ہیں کہ سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کڑتے رہے، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کئی خط بھی لکھے کہ جو کچھ تم امت کے ساتھ کر رہے ہو مجھ پر تمہارے خلاف قیام واجب ہو گیا ہے، میں اللہ کو کیا منہ دیکھاؤں گا؟ لیکن میں اپنے بھائی کی صلح کا پابند ہوں۔

مرزا صاحب نے یہ جھوٹ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب کیا، ہم کہتے ہیں تا قیامت آپ کے پاس مہلت ہے اس کی کوئی صحیح سند پیش کریں، جھوٹے الزام آپ صحابہ کرام رضی اللہ عنھم پر لگائے جا رہے ہیں، آپ نے اپنے پمفلٹ کے سر ورق پر لکھا کہ ”رہی حقیقت تاریخ طبری، تاریخ ابن عساکر، تاریخ ابن کثیر اور ابن خلدون کے چند بےسند ضعیف ومنگھڑت واقعات اور بےبنیاد واقعات کی تو عقل رکھنے والوں کےلیے اتنا عرض کر دینا کافی ہے محدثین عظام کے علمی میدان میں ان جھوٹے تاریخی حوالوں کی حثییت کھوٹے سکّوں کی مانند ہے۔‘‘

مرزا صاحب یہ جو کھوٹا سکّہ آپ نے شامل کیا ہے صحیح الاسناد کی رٹ لگا کر یہ جو فتنہ آپ نے پھیلایا ہے، کوئی حوالہ اس کا؟ کوئی اس کی صحیح سند؟ ہمارا یہ مطالبہ ہے اور تاقیامت آپ پر یہ قرض ہے کہ آپ اس کو کوئی حوالہ پیش کریں یا پھر آپ اس سے توبہ اور رجوع کریں۔

آپ کہتے ہیں کہ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو ان کے خلاف خط لکھتے رہے اور کہتے رہے کہ جو کچھ تم امت کے ساتھ کر رہے ہو مجھ پر تمہارے خلاف قیام واجب ہو گیا ہے، میں اللہ کو کیا منہ دیکھاؤں گا؟ لیکن میں اپنے بھائی کی صلح کا پابند ہوں۔

مرزا صاحب اتنا بڑا جھوٹ بولتے ہوئے آپ کو شرم نہیں آئی؟ آپ کہتے ہیں کہ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ جو کچھ تم امت کے ساتھ کر رہے ہو مجھ پر تمہارے خلاف قیام واجب ہو گیا ہے، میں اللہ کو کیا منہ دیکھاؤں گا؟ میں ان سے سلطنت کو چھین لوں، ان کے خلاف خروج کروں، جس کو سیدنا حسین رضی اللہ عنہ فرض سمجھتے رہے اس کے بیس سال تک تارک رہے؟ اصل توہین وگستاخی یہ ہے، مرزا صاحب نے اہل بیت علیہم السلام کو بدنام کرنے کی سازش کی ہے، کہا جائے کہ ان پر یہ کام کرنا فرض تھا لیکن انہوں نے یہ کام نہیں کیا، اگر ان کے لیے خروج کرنا فرض بھی تھا اور وہ اس بات سے ڈرتے بھی تھے کہ میں اللہ کو کیا منہ دیکھاؤں گا اس کے باوجود انہوں نے خروج کیوں نہ کیا؟ ہم تو ایسی بات نہیں کہتے لیکن آپ کے اس بیان کے مطابق سیدنا حسین رضی اللہ عنہ خلافت کے لالچی تھے۔ نعوذ باللہ۔ کوئی انٹرنیشنل نمبرنگ پیش کریں اس کی، انٹرنیشنل نہیں تو کوئی لوکل نمبرنگ ہی بتا دیں۔۔

یہ ان کی انٹرنیشنل نمبرنگ کی حالت ہے۔


جواب دیں